Tuesday, June 27, 2017

ایسا لگتا ہے

حیرتی ہوں کہ سرخ ہوتی نہیں

ذرد موسم ہرے نہیں ہوتے
چشمِ نمناک آہ بھرتی ہے
اک ادھوری دعا مسلط ہے
جو سلگتی ہے
لب پہ آتی نہیں

سرد ہوتے ہوئے لہو میں سدا
یہ ہمکتی ہے سرخ ہوتی نہیں

سات پردوں میں وحشتوں کے دروں
لو چراغوں کو رنگ دیتی ہے
تیرگی انجذاب ہوتی ہے
دل یہ روتا ہے پر نہیں روتا
آنکھ سوتی ہے پر نہیں سوتی
ایک سناٹا اوڑھ لیتی ہے
اونگھتی ہے یہ سرد راتوں میں
بارہا اسم پھونکتی بھی ہے

میرا نروان بھی عجب شے ہے
ذردیوں کا سراب سہتا ہے

صبحِ ناہید کوکتی بھی ہے
ایسا لگتا ہے کچھ ضروری ہے

ایسا لگتا ہے

پر نہیں ؟؟؟

ارشاد نیازی

Tuesday, June 13, 2017

بیٹی

بڑا ہے مان بیٹے پر
وفا بیٹی سکھاتی ہے
یہ قدرت کا وه تحفہ ہے
جو رحمت ساتھ لاتی ہے
میری بیٹی میری دنیا
میری دنیا میری جنت
میں جب مایوس ہوتا ہوں
بہت بےچین رہتا ہوں
مجھے جینا سکھاتی ہے
یہ جب بھی مسکراتی ہے
مجھے محسوس ہوتا ہے
خدا بھی مسکراتا ہے
اسے جب پیار کرتا ہوں
گلے سے جب لگاتا ہوں
خدا کو ہر گھڑی پھر میں
بس اپنے ساتھ پاتا ہوں
یہ مانا بیٹا نعمت ہے
مگر بیٹی بھی رحمت ہے
مجھے دنیا سے کہنا ہے
کہ جس پر مہرباں رب ہو
اسے دیتا ہے یہ تحفہ
علامت اپنی رحمت کی

Monday, June 12, 2017

محبت آزماؤ گے

محبت آزماؤ گے؟
ابھی تم نے کہا نا کہ، محبت آزماؤ گے!
چلو اب یہ بھی بتلا دو کہ کیسے آزماؤ گے؟
سُنو! تم طفلِ اُلفت ہو!
تمہیں معلوم ہی کیا ہے؟
محبت کِس کو کہتے ہیں
محبت کیسے ہوتی ہے؟
تمہیں بس یہ پتا ہے کہ "محبت مر نہیں سکتی!
محبت باتیں کرتی ہے، محبت ساتھ رہتی ہے!
محبت ایک کرتی ہے، محبت جان دیتی ہے"
یا پھر تم یہ سمجھتے ہو ،" محبت ایک دھوکہ ہے،
ہوس ہے، جسم کی چاہ ہے، محبت مار دیتی ہے،
محبت چھوڑ دیتی ہے، محبت جھوٹ ہوتی ہے"
تو تمہارے مطابق بس ! محبت یہ ہی ہوتی ہے؟
اِسے تم آزماؤ گے؟
یہ سب کچھ جاننے کے بعد بھی تم آزماؤ گے؟
یا پھر تم آزما بیٹھے؟
کہا نا! طفلِ اُلفت ہو، تمہیں معلوم ہی کیا ہے؟
محبت یہ نہیں ہوتی .... !
یہ جس کو تم سمجھتے ہو
تمہیں بتلاؤں یہ کیا ہے؟
کبھی "آئینہ" دیکھا ہے؟
کہ جِس کا عکس نہ ہو !
پھر بھی وہ ہر عکس رکھتا ہے
اگر بادل ہو تو بادل، اگر سورج ہو تو سورج !
اگر سایہ ہو تو سایہ، اگر روشن ہو تو روشن !
چھپاتا کچھ نہیں ، ہر حال بلکل سچ بتاتا ہے !
اِسے ہم جو بھی دِکھلائیں، ہمیں وہ ہی دکھاتا ہے
"محبت آئینے سی ہے، بہت ہی صاف اور شفاف !
اِسے ہم جس طرح دیکھیں، یہ ویسے ہی تو دِکھتی ہے
ہاں بلکل آئینے جیسی!
یہ توڑا تو نہیں کرتی، اِسے ہم توڑ دیتے ہیں !
یہ مارا بھی نہیں کرتی، اِسے ہم مار دیتے ہیں
ہاں سب کچھ ہم ہی کرتے ہیں
اِسے الزام دیتے ہیں !
کہا نا ! آئینے جیسی!
ہم اِس کو آزمائیں کیا؟ یہ ہم کو آزماتی ہے!
"محبت جیت جاتی ہے، مگر ہم ہار جاتے ہیں"
تمہیں اب یہ بھی بتلاؤں؟
کہ اِس میں جیتنا یا ہارنا ، کچھ بھی نہیں ہوتا!
یہ سب ذوقِ انا، تسکینِ دِل ، وقتی تسلی ہے،
ضرورت کے تقاضے ہیں، یہ خواہش کے تماشے ہیں!
محبت یہ نہیں یارم! محبت ! بس محبت ہے!
یہ خود خاموش ہوتی ہے، یہ خاموشی سے ہوتی ہے!
یہ بس توفیق ہوتی ہے !
فقط محسوس ہوتی ہے!
عطائے ربَّ یکتا ہے ...!
یہ ہر اِک دِل میں ہوتی ہے !
مگر! احساس مرنے پر!
محبت مر بھی جاتی ہے!
تم اِس کو آزماؤ گے؟ محبت آزماؤ گے ؟
ذرا آئینہ دیکھو تو ...!
ذرا خود کو بھی پہچانو!
محبت آزماؤ گے...؟

بتا کے جاؤ

بچھڑنے والے۔۔!

چلے جو ہو تو بتا کے جاؤ۔۔
کہ کتنی شامیں اداس آنکھوں میں کاٹنی ہیں___؟؟؟
کہ کتنی صبحیں اکیلے پن میں گزارنی ہیں___؟؟؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ کتنے سورج عذاب رستوں کو دیکھنا ہے___؟؟؟
کہ کتنے مہتاب سرد راتوں کی وسعتوں سے نکالنے ہیں ؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ چاند راتوں میں وقت کیسے گزارنا ہے___؟؟؟
خاموش لمحوں میں تجھ کو کتنا پکارنا ہے_؟؟؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ کتنے لمحے شمار کرنے ہیں ہجرتوں کے___؟؟؟
کہ کتنے موسم اک ایک کر کے جدائیوں میں گزارنے ہیں ؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ پنچھیوں نے اکیلے پن کا سبب جو پوچھا
تو کیا کہوں گا____؟؟؟
کسی نے رستے میں روک کر جو مجھ سے پوچھا،
کہ پچھلے موسم میں ساےٴ ساےٴ جو اجنبی تھا۔۔۔
کہاں گیا ہے____ ؟؟ ؟
تو کیا کہوں گا____؟؟؟

بتا کے جاؤ۔۔!
میں کس سے تیرا گلہ کروں گا___؟؟؟
بچھڑ کے تجھ سے.اکرم . کس سے ملا کروں گا___؟؟؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ آنکھ برسی تو کون موتی چنا کرے گا؟
اداس لمحوں میں دل کی دھڑکن سنا کرے گا___؟؟؟؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ موسموں کو پیام دینے ہیں____؟؟؟ یا نہیں___؟؟؟
فلک کو ، تاروں کو ، جگنوؤں کو سلام دینے ہیں___؟؟؟ یا نہیں___؟؟؟؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ کس پہ ہے اعتبار کرنا___؟؟؟
تو کس کی باتوں پہ بےنیازی کے سلسلے اختیار کرنا ؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ اب رویوں کی چال کیا ہو___؟؟؟
جواب کیا ہو____ ؟ سوال کیا ہو____؟
عروج کیا ہو___؟ زوال کیا ہو____؟
نگاہ ، رخسار ، زلف ، چہرہ . . نڈھال کیا ہو___ ؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ میری حالت پہ چاندنی کھلکھلا پڑی تو
میں کیا کروں گا____ ؟؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ میری صورت پہ تیرگی مسکرا پڑی تو
میں کیا کروں گا____ ؟؟

بتا کے جاؤ۔۔!
کہ تم کو کتنا پکارنا ہے____؟؟؟
بچھڑ کے تجھ سے یہ وقت کیسے گزارنا ہے___؟
اجاڑنا ہے___؟ نکھارنا ہے____ ؟
بدن کو کتنا سوارنا ہے____ ؟
چلے جو ہو تو___
بتا کے جاؤ۔۔۔۔۔!
کہ لَوٹنا بھی ہے____ ؟؟ یا__😰