Friday, May 1, 2015

یہ عمر تمہاری ایسی ہے

یہ عمر تمہاری ایسی ہے
جب آسمان سے تارے توڑ کے لے آنا بھی
سچ مچ ممکن لگتا یے
شہر کا ہر آباد علاقہ
اپنا آنگن لگتا ہے
یوں لگتا ہے جیسے ہر دن،ہر اک منظر
تم سے اجازت
لے کراپنی شکل معین کرتا ہے
جو چاہو وہ ہو جاتا ہے
جو سوچو وہ ہو سکتا ہے
لیکن ! اے اس کچی عمر کی بارش میں مستانہ پھرتی
چنچل لڑکی!
یہ بادل جو آج تمہاری چھت پر رک کر تم سے
باتیں کرتا ہے
اک سایہ ہے
تم سے پہلے اور تمہارے بعد کے ہر اک موسم میں یہ
ہر اک چھت پر ایسے ہی اور اسی طرح سے
دھوکے بانٹتا پھرتا ہے
صبح ازل سے شام ابد تک
ایک ہی کھیل اور ایک ہی منظر
دیکھنے والی آنکھوں کو ہر بار دیکھایا جاتا ہے
اے سپنوں کی سیج پر سونے جاگنے والی لڑکی!
تیرے خواب جیئں
لیکن اتنا دھیان میں رکھنا جیون کی اس
خواب سرا کے سارے منظر
وقت کے قیدی ہوتے ہیں جو اپنی رو میں
ان کو ساتھ لیے جاتا ہے اور مہمیز کیے جاتا ہے
دیکھنے والی آنکھیں پیچھے رہ جاتی ہیں

No comments:

Post a Comment