Saturday, November 19, 2016

محبت چاندنی راتوں کی ٹھنڈک

محبت چاندنی راتوں کی ٹھنڈک
موسم سرما کی میٹھی دھوپ ایسی ہے
محبت ادھ کھلی کلیوں پہ شبنم کا تھرکنا ،
پھیلتی خوشبو،
ہوا کے نرم جھونکوں سے سحردم
وجد میں آتے
پرندوں کی حسین چہکار جیسی ہے
محبت لمس کا احساس ،
آنکھوں کی عبادت ہے
محبت خواب بننے
خواب کی تعبیر کے روشن تصور سے مزین زندگی کا روپ ہے،
ابدی حقیقت ہے
محبت درد کی تصویر میں بھی رنگ بھرتی ہے
محبت درد کو بھی درد سا رہنے نہیں دیتی
محبت وقت کو لمحوں میں یوں تقسیم کرتی ہے
کہ ہر لمحہ محبت کی کہانی کا حسیں عنوان بنتا ہے
محبت راستوں سے منزلوں تک
ہر مسافر کے لیئے کچھ ذائقے محفوظ رکھتی ہے
محبت
کیا کہیں'
کیا ہے؟
محبت ہے
محبت کو محبت ہی کہا جائے تو بہتر ہے

یوسف خالد

No comments:

Post a Comment