آج کے دن،12 ربیع الاول، پوری دنیا سے ذیادہ جوش خروش اور عقیدت و احترام پاکستان میں دیکھنے میں آ رھا ھے، یوں لگتا ھے جیسے ھر ایک بچہ،بڑا ، جوان، بزرگ محمد صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی محبت میں سرشار ھے ۔
اس کا منطقی نتیجہ یہ نکلنا چاھئیے کہ عشق رسول صلی اللہ علیہ آلہ وسلم ھمیں مجبور کر دیتا کہ ھم اسوہء رسول صلی اللہ علیہ آلہ وسلم پر عمل پیرا ھوتے اور پاکستان اسلام کا گہوارہ ھوتا۔ ھر طرف امن و سلامتی ھوتی۔ فحاشی و عریانی نام کو نہ ھوتی، رشوت کے نام سے لوگ کانپ اٹھتے۔ سود لینے اور دینے والوں کا سماجی بائیکاٹ کر دیا جاتا کہ سود لیا اور دیا جانا تو اللہ اور ھمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ آلہ وسلم سے جنگ کے مترادف ھے۔
بہنوں، بیٹیوں کی عزت محفوظ ھوتی کہ عاشقان رسول صلی اللہ علیہ آلہ وسلم ان کے محافظ ھوتے۔ پڑوسی ایک دوسرے پر جان وارنے والے ھوتے کہ جن سے ھم عشق کا اظہار کر رھے ھیں، انہوں نے پڑوسیوں کے اس قدر حقوق بیان کر دیے کہ صحابہ کرام رض کو گمان ھونے لگا تھا کہ وہ وراثت میں بھی حقدار قرار دے دئیے جائیں گے۔
اولاد اپنے والدین کی عزت و خدمت کو ھی سعادت سمجھتی۔ اغوا برائے تاوان ، چوری، ڈاکے اور زنا کا کوئی واقعہ سن کر لوگ حیران رہ جاتے کہ پاکستان میں یہ کیسے ھو گیا؟
جاگیرداری اور ظلم و استبداد قصہء پارینہ بن چکے ھوتے۔ انصاف کا دور دورہ ھوتا۔قانون سب کے لیے یکساں ھوتا۔
ایک دوسرے کی خوشی کا خیال رکھا جا رھا ھوتا، اپنے مفادات دوسرے کے فائدے پر قربان کیے جا رھے ھوتے۔ ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی کا نام و نشان تک نہ ھوتا۔
آج کے دن کا پاکستان دیکھیے، آپ میری باتوں سے اتفاق کریں گے۔ لیکن کیا ستم ھے کہ سب کچھ اس کے برعکس ھو رھا ھے۔ ھر معاشرتی برائی ھمارے اندر سرایت کر گئی ھے۔ کوئی ایک برائی سوچئیے جسکی وجہ سے قوموں پر عزاب نازل ھوا ھو، وہ برائی ھمیں پاکستان میں نظر آئے گی۔
ھم اس بات پر تو کٹ مرنے کو تیار ھیں کہ میلاد منانا جائز ھے یا نہیں، لیکن اسوہء رسول پر عمل پیرا ھونے کی بات کی جائے تو سب بغلیں جھانکنے لگتے ھیں یا کج بحثی پر اتر آتے ھیں۔
ھم کیسی منافق قوم ھیں؟ ھمین جس سے عشق ھے، اس کے کہے پر عمل پیرا ھونے کو تیار نہیں بلکہ ھمارا ھر ھر عمل اس کے خلاف ھے۔ ذرا ایک لمحے کے لیے تصور کیجیے، اس وقت دنیا بھر میں ھم، جنہیں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ آلہ وسلم ھونے کا دعوی ھے،کس حوالے سے جانے جانتے ھیں؟
رب کریم ھمیں عشق رسول صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کے تقاضے سمجھنے کی توفیق عطا کرے۔دنیا کو نظر آئے کہ پاکستان میں وہ لوگ رھتے ھین جنہیں محمد صلی اللہ علیہ آلہ وسلم سے عشق ھے۔ لوگ مثالیں دیں کہ عاشقان رسول صلی اللہ علیہ آلہ وسلم ایسے ھوتے ھیں ۔ ۔ ھمارے کردار سے اسوہء رسول کی جھلک نظر آئے۔
٭
کی محمد سے وفا تو نے تو ھم تیرے ھیں
یہ جہاں چیز ھے کیا لوح و قلم تیرے ھیں۔
No comments:
Post a Comment