Wednesday, January 21, 2015

محبت ایک آیت ہے جو نازل ہوتی رہتی ہے

محبت کب کتابوں میں لکھی کوئی حکایت ہے
محبت کب فراقِ یار کی کوئی شکایت ہے؟

محبت ایک آیت ہے جو نازل ہوتی رہتی ہے
محبت ایک سرشاری ہے، حاصل ہوتی رہتی ہے

محبت تو فقط خود کو سپردِ دار کرنا ہے
انالحق کہ کے اپنے عشق کا اقرار کرنا ہے

محبت پر کوئی نگران کب مامور ہوتا ہے
محبت میں کوئی کب پاس اور کب دور ہوتا ہے

مرا دل ، عشق کے شعلے میں مدغم ہونے لگتا ہے
محبت کے سمندر میں تلاطم ہونے لگتا ہے

مجھے لگتا ہے جیسے ابرِ اُلفت چھانے والا ہے
میں جس کا منتظر رہتا ہوں شاید آنے والا ہے

محبت میری فطرت ہے، محبت میرا جیون ہے
محبت میرے ہاتھوں کی امانت، تیرا دامن ہے

No comments:

Post a Comment