Sunday, December 7, 2014

محبت اور امن کی تلاش میں

میں جا رہا ہوں
محبت اور امن کی تلاش میں
تم میرا انتظار کرنا
میں واپس ضرور آﺅں گا
جب میں واپس آﺅں گا
تو میرے کندھے پر
محبت کا پرندہ بیٹھا ہو گا۔
اور میری کشتی کے بادبان پر
امن کا نغمہ لکھا ہو گا
میں واپس کب آﺅں گا
یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا
ممکن ہے اس میں ایک زندگی لگ جائے
یا دو زندگیاں
میری سہولت کے لیے
تم اپنی زندگی کا ایک حصہ مجھے دے دو
میں یقین دلاتا ہوں
اس کا ایک لمحہ ضائع نہیں کروں گا
ضرورت سے زیادہ کہیں نہیں ٹھہروں گا
تم مجھ سے ایک وعدہ کرو۔
میں جو چیز جس حالت میں چھوڑ جاﺅں
اسے بہتر نہ کر سکو۔
تو مزید خراب بھی نہ ہونے دینا
ہواﺅں میں جتنا دھواں ہے
اسے بڑھنے نہ دینا
زمین میں جتنا زہر ہے
اسے وہیں روکے رکھنا
یہ بہت ضروری ہے۔
محبت کا پرندہ زندہ رکھنے کے لیے
اور میری کشتی کے بادبان پر
لکھا ہوا امن کا گیت
ہر لب پر منتقل کرنے کے لیے

No comments:

Post a Comment