Thursday, December 25, 2014

غیبت اورچغلی

(۱) حضرتِ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رحمتِ عالم صلي اللہ عليہ وسلم نے فرمایا: ''غیبت اورچغلی ایمان کو اس طرح قطع کر دیتی ہیں جیسے چرواہا درخت کو کاٹ دیتاہے۔ ''
(الترغیب والترہیب ، کتاب الادب ، رقم الحدیث ۲۸،ج۳،ص۳۳۲)

(۲) حضرتِ سیدتنا اسماء بنت یزید رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلي اللہ عليہ وسلم نے فرمایا کہ'' اللہ تعالیٰ کے بد ترین بندے وہ ہیں جو لوگوں میں چغلی کھاتے پھرتے ہیں اور دوستوں کے درمیان جدائی ڈالتے ہیں۔'' (مسند احمد، رقم۲۷۶۷۰،ج۱۰،ص۴۴۲)

(۳) حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلي اللہ عليہ وسلم نے فرمایاکہ : ''میرے نزدیک تم میں سب سے پسندیدہ لوگ وہ ہیں جو تم میں بہترین اخلاق والے نرم دل ،لوگوں سے محبت کرنے والے اور جن سے لوگ محبت کرتے ہونگے اور تم میں میرے نزدیک سب سے ناپسند یدہ لوگ وہ چغل خور ہیں جو دوستو ں کے درمیان تفرقہ ڈالتے اور پاک دامن لوگو ں میں عیب ڈھونڈتے ہونگے۔''
(مجمع الزوائد ،کتاب الادب،باب ماجاء فی حسن الخلق، رقم ۱۲۶۶۸، ج۸، ص ۴۷)

(۴) حضرتِ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میں نے سرورِ کونین صلي اللہ عليہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ'' چغل خور جنت میں نہیں جائے گا۔''
(صحیح البخاری ، کتاب الادب ، باب مایکرہ من النمیمۃ ، رقم الحدیث ۶۰۵۶،ج۴،ص۱۱۵)

(۵) حضرتِ سیدنا علاء بن حارث رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہيں کہ سرکارِ مدینہ صلي اللہ عليہ وسلم نے فرمایا: ''غیبت کرنے والوں ، چغل خور اورپاکباز لوگوں پر عیب لگانے والوں کا حشر کتوں کی صورت میں ہوگا۔''
(الترغیب والترہیب ، کتاب الادب ، رقم الحدیث ۱۰، ج۳،ص۳۲۵)

No comments:

Post a Comment